کویت کے ’’کلاؤڈ آف ہوپ‘‘ وفد کا بھارت میں فلاحی دورہ
نئی دہلی، 28 اگست 2026:،(عوام ایکسپریس )بھارت میں کویت کے سفیر، ہز ایکسلنسی مشعل مصطفیٰ الشیمالی نے کویت کے ’’کلاؤڈ آف ہوپ‘‘ رضاکار ٹیم سے ملاقات کی، جو صحت عامہ، تعلیمی معاونت اور معاشرتی بہبود کے حوالے سے انسانی ہمدردی پر مبنی دورے کے سلسلے میں بھارت کا دورہ کر رہی ہے۔ اس وفد میں کویت، بحرین اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے 30 رضاکار شامل ہیں۔کویتی سفیر نے کویت اور دیگر خلیجی ممالک کے نوجوان مرد و خواتین کی جانب سے انجام دی جانے والی انسانی، فلاحی اور رضاکارانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات خلیجی معاشروں میں رچی بسی اعلیٰ انسانی اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے ان کوششوں کو سماجی شعور اور ذمہ داری کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عالمی سطح پر انسانی خدمت کے میدان میں خلیجی نوجوانوں کے کردار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ہز ایکسلنسی سفیر مشعل الشیمالی نے کہا کہ کویت کے عوام میں فلاحی اور انسانی خدمت کا جذبہ قدیم زمانے سے گہری جڑیں رکھتا ہے۔ کویتی عوام کے امدادی ہاتھ دنیا کے دور دراز علاقوں تک پہنچتے رہے ہیں اور انہوں نے ضرورت مند اور کم خوش نصیب افراد کی بلاامتیاز مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویتی معاشرہ باہمی تعاون، ہمدردی اور انسانی یکجہتی کی اقدار پر پختہ یقین رکھتے ہوئے سخاوت اور خیر خواہی کی دیرینہ روایت کو آگے بڑھا رہا ہے۔وفد میں ڈاکٹروں، انجینئروں، ماہرین تعلیم، اساتذہ اور مختلف شعبوں کے ماہرین شامل تھے، جنہوں نے بھارت میں صحت، تعلیم اور امداد کے حوالے سے متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ان اقدامات سے سینکڑوں بچوں، خاندانوں اور مقامی برادری کے افراد نے استفادہ کیا۔

دورے کے دوران ایک رضاکارانہ طبی کیمپ بھی منعقد کیا گیا، جس سے تقریباً 400 افراد مستفید ہوئے۔ کیمپ میں طبی معائنہ، ڈاکٹروں سے مشاورت اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ضرورت مند اور کمزور طبقات میں سینکڑوں اسکول بیگز، تعلیمی سامان، اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات بھی تقسیم کی گئیں۔رضاکار ٹیم نے بچوں اور طلبہ کے لیے تعلیمی و کھیلوں کے پروگرامز اور مختلف انٹرایکٹو سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد بچوں میں خود اعتمادی، ٹیم ورک اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ ٹیم کی جانب سے کھیلوں کا سامان بھی فراہم کیا گیا تاکہ رضاکاروں کی روانگی کے بعد بھی یہ سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔
’’کلاؤڈ آف ہوپ‘‘ ٹیم کا یہ دورہ بین الاقوامی سطح پر انسانی خدمت کے حوالے سے اس کی طویل رضاکارانہ خدمات کا تسلسل ہے اور اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ خلیجی ممالک کے نوجوان سرحدوں سے بالاتر ہو کر رضاکارانہ اور انسانی خدمت کی ایک مثالی مثال قائم کر سکتے ہیں۔کویت، بحرین اور سعودی عرب کے 30 رضاکاروں پر مشتمل اس اقدام کے ذریعے سینکڑوں افراد تک امداد اور خدمات پہنچائی گئیں۔ اس پوری کاوش نے تمام شرکائ کو ایک مشترکہ پیغام پر متحد کیا کہ ’’امید ایک ایسی عالمگیر انسانی زبان ہے جسے سب سمجھتے ہیں۔

