ٹوکیو۔ 19؍ نومبر۔ ایم این این۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز جاپان میں کہا کہ بھارت کا دفاعی شعبہ اپنی عالمی حیثیت کو مستحکم کرنے کے لیے ‘ خود انحصاری’ سے آگے بڑھ رہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی دفاعی پیداوار اور برآمدات میں بے مثال رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔ٹوکیو میں بھارتی برادری کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ نے کہا کہ فوج، بحریہ اور فضائیہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں، اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر دفاعی سازوسامان کی تیاری، بھارت کی دفاعی طاقت کو نئی بلندیوں پر لے جا رہی ہیں۔ راجناتھسنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر ‘بھارت۔جاپان وزرائے خارجہ و دفاع مذاکرات’ (جسے ‘ 2+2’ مذاکرات بھی کہا جاتا ہے) کے چوتھے دور کے لیے جاپان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔اپنے خطاب کے دوران راجناتھ سنگھ نے کہا، "آج بھارت بڑے پیمانے پر دفاعی مصنوعات برآمد کر رہا ہے، جبکہ ملک میں دفاعی پیداوار بے مثال رفتار سے بڑھ رہی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ مقامی دفاعی پیداوار ریکارڈ 1.80 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ایک دہائی قبل 48,000 کروڑ روپے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی برآمدات 600 کروڑ روپے سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح یعنی 38,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں، جو بھارت کی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور عالمی دفاعی منڈی میں اس کے وسیع ہوتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہیں۔سنگھ نے مزید کہا، "بھارت کا دفاعی شعبہ اپنی عالمی حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے خود انحصاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔

