۔ جامعہ کی تاریخی، تعلیمی اور قومی خدمات کو خراج تحسین؛ ممتاز احباب کو ’’ اسٹار آف جامعہ ملیہ اسلامیہ ” سے نوازا گیا ، اور ساتھ ہی ایک ایسوسی ایشن ” جامعہ المنائی پوروانچل ” کا قیام عمل میں آیا ۔
خیر آباد ضلع مئو(عوام ایکسپریس)قصبہ خیر آباد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا 106 واں یومِ تاسیس مئو و اعظم گڑھ کے جامعہ المنائی کی جانب سے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد اویس کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا،اس کے بعد شہاب نعمانی نے نعت پاک پیش کی ، اور پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ترانہ شہاب نعمانی نے اتنے اچھے انداز میں پیش کیا کہ تمام جامعی احباب جھوم اٹھے ، اور خوشی میں بطور نذرانہ بہت سے لوگوں نے نقد رقم پیش کی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مرزا قمر الحسن بیگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ صدارت پروفیسر علائ الدین خان نے کی۔ نظامت کے فرائض فضیل احمد نے انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین وشال مہدی، کلیم جامعی، سرفراز احمد،توقیر شیروانی،اعجاز احمد، شمس و قمر ایڈوکیٹ، ابو القدر اور دیگر احباب نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخی اہمیت، اس کے قومی و تعلیمی کردار اور ہندوستانی سماج پر اس کے گہرے اثرات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ جامعہ محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ تحریکِ آزادی، قومی یکجہتی، تہذیبی ہم آہنگی اور تعمیری فکر کی ایک روشن علامت ہے۔ اس کے فارغین نے ملک و بیرونِ ملک مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ناظم پروگرام فضیل احمد اجالا نے بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ عدم تعاون تحریک کی کوکھ سے جنم لینے والا وہ چراغ ہے، جو آج پورے آب و تاب کے ساتھ روشن ہے ، 29 / اکتوبر 1920 کو اسکی بنیادعلی گڑھ میں رکھی گئی ، اور پانچ سال کے بعد 1925 میں دہلی کے قرول باغ میں منتقل ہوئی ، اور پھر دس سال بعد 1935 میں اوکھلا میں منتقل ہوئی ۔ آج جامعہ 239 ایکڑ زمین پر ایسا تعلیمی گہوارہ ہے ، جہاں نرسری سے لیکر پی ایچ ڈی تک تعلیم ہوتی ہے ، ا س میں مسلم، ہندوو، سکھ اور عیسائی سب ایک ساتھ مل کر تعلیم حاصل کرتے ہیں ، یہی اسکا سیکولر کردار ہے ۔ اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر علائ الدین خان نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی بنیاد محض ایک یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے نہیں رکھی گئی تھی، بلکہ اس کے پس منظر میں آزادی، خودداری، قومی شعور اور معیاری تعلیم کا ایک عظیم تصور کارفرما تھا۔ جامعہ نے نامساعد حالات میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور اپنی علمی و تہذیبی شناخت کے ذریعے ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا قومی کردار، فکری آزادی، تہذیبی تنوع اور انسان سازی کا مشن ہے۔ اس نے ایسے افراد تیار کیے جنہوں نے تعلیم، تحقیق، سیاست، صحافت، ادب اور دیگر شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کے سابق طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مادرِ علمی سے تعلق کو محض یادوں اور تقریبات تک محدود نہ رکھیں، بلکہ جامعہ کی علمی ترقی، وقار اور تعمیری روایات کے فروغ میں عملی کردار ادا کریں۔ جامعہ المنائی کا اتحاد اور باہمی تعاون اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے تقریب کا ایک اہم حصہ جامعہ کے ممتاز سابق طلبہ کو ’’ستارہ جامعہ‘‘ کے نام سے یادگاری مومنٹو پیش کرنا تھا۔ اس اعزاز سے نوازے جانے والوں میں اعجاز احمد انجینیئر ، وشال مہدی، امتیاز احمد، فضیل احمد ( اجالا )، پروفیسر علائ الدین خان، شمس و قمر ایڈوکیٹ ، حاجی صغیر احمد، ابوالقدر،سرفراز احمد انجینیئر ،کلیم احمد جامعی،سجاد ظہیر عرف جھاؤ اور مہمانِ خصوصی مرزا قمر الحسن بیگ کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ تقریب میں جامعہ سے وابستگی، اس کی روایات سے محبت اور سابق طلبہ کے باہمی روابط کو جب مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تو صدر مجلس نے ایک تجویز پیش کی کہ اس مبارک موقعہ پر پوروانچل کے علاقے سے جامعہ ملیہ اسلامیہ نیو دہلی سے فارغ شدہ طلبہ کی ایک ایسوسی ایشن بن جائے ، تو حاضرین نے بخوشی سراہتے ہوئے ، ایک ایسوسی ایشن کا قیام کیا جس کا نام "جامعہ المنائی پوروانچل ” رکھا گیا ، اسکے عہدیداران کا انتخاب بھی عمل میں آیا ، ڈاکٹر علائالدین خان کو صدر ، سرفراز احمد انجینیئر کو نائب صدر ، فضیل احمد اجالا کو جنرل سکریٹری، کلیم جامعی کو جوائنٹ سیکرٹری اور جاوید احمد گرہست کو خزانچی بنایا گیا ، پروگرام کے آخر میں آگنایزر امتیاز احمدانصاری جنھوں نے اپنےبیٹےکے ولیمہ کے تقریب کے ساتھ ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یوم تاسیس کاپروگرم بھی منعقد کیا تمام مہمان اور شرکائ کا شکریہ ادا کیا

