وومنس ٹی-20 عالمی کپ کرکٹ میچ میں آج ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کا زبردست مقابلہ کیا، لیکن آخر میں ہرمن پریت کور کی ٹیم 11 رنوں سے ہار گئی۔ ہندوستانی ٹیم کے سامنے 20 اوور میں 152 رن بنانے کا ہدف خاتون انگلش بلے بازوں نے دیا تھا، لیکن ہرمن پریت کور کی قیادت والی ٹیم 5 وکٹ کے نقصان پر محض 140 رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان کے لیے اسمرتی مندھانا اور رِچا گھوش نے شاندار بلے بازی کی، لیکن یہ ٹیم کی جیت کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئی۔اسمرتی مندھانا 41 گیندوں پر 52 رن بنا کر جب پویلین لوٹیں تو ہندوستان کے لیے مشکلات اسی وقت دکھائی دینے لگی تھی۔ جب وہ رِچا گھوش کے ساتھ بلے بازی کر رہی تھیں تو ہندوستان جیت کی طرف قدم بڑھاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ مندھانا نے اپنی اننگ کے دوران 7 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔ دوسری طرف رِچا گھوش نے محض 34 گیندوں پر 47 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آخر کے اوورس میں انھوں نے تیز بلے بازی کی لیکن دوسرے سرے سے انھیں کچھ خاص مدد نہیں مل سکی۔ رِچا گھوش نے اپنی اننگ کے دوران 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

