Uncategorized

مودی کی حکومت نہیں بلکہ اڈانی کی حکومت ہے، ہریانہ میں اڈانی جیسے لوگوں کی حکومت نہیں چاہیے۔‘‘

ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس اپنی پوری طاقت جھونکتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ پیر کے روز کانگریس کے سینئر لیڈران راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کئی دیگر سرکردہ لیڈران ہریانہ میں نظر آئے۔ انھوں نے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں ’ہریانہ وجئے سنکلپ یاترا‘ کا آغاز بھی کیا۔ یہ یاترا پیر کے روز صبح انبالہ کے نارائن گڑھ میں عظیم الشان جلسہ سے شروع ہو کر یمنا نگر، ملانا، شاہ آباد ہوتے ہوئے لاڈوا پہنچی۔ شام کو تھانیسر، کروکشیتر میں عظیم الشان انتخابی جلسہ کا انعقاد بھی ہوا جس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’یہ مودی کی حکومت نہیں، بلکہ اڈانی کی حکومت ہے۔ ہریانہ میں اڈانی جیسے لوگوں کی حکومت نہیں چاہیے۔ اڈانی کھیت میں محنت نہیں کرتے، کوئی چھوٹا کاروبار نہیں کرتے۔ لیکن ہر صبح ان کے بینک اکاؤنٹ میں سنامی کی طرح پیسہ آ رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی غریبوں کی جیب سے طوفان کی طرح پیسہ نکال کر سنامی کی طرح اڈانی کی تجوری میں ڈال رہے ہیں۔ میرا ہدف ہے کہ جتنا پیسہ مودی نے اپنے متروں کو دیا ہے، اتنا پیسہ میں ہندوستان کے غریبوں، استحصال زدہ طبقات اور محروم طبقات کو دوں گا۔‘‘ عوام کی زبردست بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہریانہ میں موجود زبردست بے روزگاری، اگنی ویر منصوبہ اور مہنگائی کا ایشو فکر انگیز ہے۔ ہریانہ کے نوجوان 50-50 لاکھ روپے خرچ کر جان جوکھم میں ڈالتے ہوئے بیرون ممالک جانے کو مجبور ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہریانہ میں انھیں روزگار نہیں مل رہا۔ راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’اگنی ویر منصوبہ جوانوں کی پنشن چوری کرنے کا طریقہ ہے۔‘‘ کسانوں سے متعلق وہ کہتے ہیں کہ ’’مودی حکومت کے ذریعہ زرعی قوانین بنانے پر کسان احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے مجبور ہوئے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی جیب سے مزید ایک طریقے سے پیسہ چھینا جائے گا۔‘‘

Related posts

شمالی کوریا کے رہنما نے 2023 کو "عظیم تبدیلی کا سال” قرار دے دیا

Awam Express News

شیوراج سنگھ چوہان نے شہری اراضی کے ریکارڈ کے سروے-ری سروے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بین الاقوامی ورکشاپ کا افتتاح کیا

Awam Express News

دل کی صحت اور کینسر سے بچاؤ کے لیے سٹرابیری کھانے کے 6 حیرت انگیز فوائد

Awam Express News