Delhi-NCR National New Delhi

باحجاب مسلم خاتون کے ساتھ وزیر اعلیٰ بہار کے رویے اور فرقہ پرستوں کی ہم نوائی پر جمعیۃ علماء ہند کا شدید ردِعمل، وزیر اعلیٰ سے معافی کا مطالبہ

نئی دہلی، 22 دسمبر 2025جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک باحجاب مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے اور بعد ازاں فرقہ پرست عناصر کی جانب سے اس عمل کی تائید بلکہ اشتعال انگیز و نفرت آمیز بیانات دینے پر گہری تشویش اور سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔


مولانا مدنی نے کہا کہ حجاب محض لباس کا مسئلہ نہیں بلکہ شخصی اور مذہبی آزادی جیسے بنیادی آئینی حقوق سے براہِ راست وابستہ ہے، جن کی مکمل ضمانت آئینِ ہند فراہم کرتا ہے۔ کسی بھی آئینی منصب پر فائز شخص کی جانب سے ایسے نہایت حساس معاملے میں اس نوعیت کا طرزِ عمل نہ صرف مذکورہ خاتون کی تذلیل ہے بلکہ اس سے پورے ملک کے جذبات کو بھی شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اس واقعے کا سب سے تاریک پہلو یہ ہے کہ ہر طبقے کی خواتین بالخصوص مسلم خواتین اپنے تحفظ کے حوالے سےفکر مند رہتی ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف اس میں اضافہ ہوگا بلکہ اس بات کا حقیقی اندیشہ بھی ہے کہ نچلے درجے کے افسران اور اہلکار بھی باحجاب خواتین کے ساتھ اس سے کہیں زیادہ غیر مناسب، توہین آمیز اور جارحانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی جسارت کر سکتے ہیں۔
مولانا مدنی نے واضح کیا کہ جمعیۃ علماء ہند اس امر پر مسلسل زور دیتی آئی ہے کہ مذہبی شناخت اور شخصی آزادی سے متعلق معاملات کو سیاسی مصلحتوں یا غیر سنجیدہ و غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی گنگا جمنی تہذی اور باہمی احترام کا تقاضا ہے کہ تمام شہریوں کے مذہبی اور آئینی حقوق کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔مولانا مدنی نے یہ مطالبہ کیا کہ نتیش کمار اس واقعے کے دور رس سماجی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے فوری طور پر معذرت کا اظہار کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related posts

بھارت 5جی، مصنوعی ذہانت اور آئی او ٹیکی اگلی لہر کی قیادت کرے گا۔ مودی

Awam Express News

آسام میں بلڈوزر سے انسانیت کا خون کیا جار ہا ہے

Awam Express News

بحیرہ عرب میں سیکیورٹی بڑھانے کیلئے ‘ ہر ممکن اقدامات’ کریں گے۔ آر ہری کمار

Awam Express News