National U.P.

*یوگی آدتیہ ناتھ کے غیر ملکی دورے سے اتر پردیش کی عالمی شناخت مضبوط ہوئی: ڈاکٹر عمار رضوی*

لکھنؤ۔ (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری) اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ہولی کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے وزیر اعلیٰ کے سنگاپور اور جاپان کے چار روزہ غیر ملکی دورے کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اتر پردیش کی ترقی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی شناخت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ڈاکٹر رضوی نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر ملکی دورے کے دوران ہندوستانی نژاد افراد اور سرمایہ کار حلقوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا جس گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا گیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ ریاست کی قیادت بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف سفارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ اس سے اتر پردیش کی مثبت شبیہ دنیا کے سامنے مزید مضبوط انداز میں ابھر کر آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران سنگاپور اور جاپان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کے مفاہمتی معاہدوں (ایم او یو) پر دستخط اور تقریباً ڈھائی لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہونا ریاستی معیشت کے لیے نہایت حوصلہ افزا اشارہ ہے۔ ان منصوبوں کے عملی نفاذ سے ریاست کے تقریباً پانچ لاکھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ ریاست میں تیزی سے ترقی کرتا بنیادی ڈھانچہ، ایکسپریس ویز، صنعتی راہداریوں کی توسیع اور بہتر ہوتی قانون و انتظام کی صورتحال ہی وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے آج عالمی سرمایہ کار اتر پردیش کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں مقام تصور کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کامیاب دورے کو ریاست کے مستقبل کے لیے امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اقدامات کے تسلسل سے اتر پردیش ملک کی صفِ اوّل کی ترقی یافتہ ریاستوں میں شامل ہو سکتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے ہمراہ گئے وفد کے تمام اراکین کو کامیاب غیر ملکی دورے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریاست آئندہ برسوں میں صنعتی، تعلیمی اور اقتصادی میدان میں نئی مثال قائم کرے گی۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔

Related posts

مترکال بجٹ میں… نہ ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے کوئی ویژن ہے اور نہ ہی مہنگائی سے نمٹنے کا کوئی منصوبہ

Awam Express News

اب آگرہ قلعہ میں واقع مسجد پر تنازعہ، سیڑھیوں کی کھدائی کے لیے عدالت میں عرضی داخل

Awam Express News

ہندوستان کے نوجوانوں نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکےدیگر ممالک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔ اوم برلا

Awam Express News