Delhi-NCR

اجیت ڈوبھال کولوک مانیہ تلک ایوارڈ قومی خدمت کا اعتراف ۔ مفتی ضیائی

ممبئی۔3؍ اگست۔ ایم این این۔ علم ہنر فاؤنڈیشن ممبئی انڈیا کے صدر مفتی منظور ضیائی نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کو لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ سے نوازے جانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز قومی خدمت، دیانت داری اور غیر معمولی صلاحیتوں کے اعتراف کی ایک اہم مثال ہے۔اپنے بیان میں مفتی ضیائی نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی صرف معاشی، تکنیکی یا عسکری طاقت پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ اس بات پر بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے ان افراد کی خدمات کو کس قدر سراہتی ہے جنہوں نے خاموشی اور اخلاص کے ساتھ قومی مفادات کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک برصغیر کی آزادی کی جدوجہد کے عظیم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے نام سے منسوب یہ ایوارڈ قومی اقدار، اتحاد، خود اعتمادی اور وطن سے وابستگی کی علامت ہے۔مفتی ضیائی نے کہا کہ اجیت ڈوبھال نے اپنے طویل پیشہ ورانہ سفر میں قومی سلامتی، داخلی استحکام اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق کئی معاملات خفیہ نوعیت کے ہوتے ہیں، تاہم ایک محفوظ اور مستحکم ہندوستان کی تعمیر میں ایسے عہدوں کی اہمیت غیر معمولی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کے مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی تنوع میں مضمر ہے اور قومی سلامتی کا مقصد صرف سرحدوں کا دفاع نہیں بلکہ ہر شہری کے جان و مال، عزت اور آئینی حقوق کا تحفظ بھی ہے تاکہ ملک کا ہر فرد بلا خوف و خطر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایک دینی و سماجی کارکن، میرا یہ یقین ہے کہ اسلام بھی وطن سے محبت، امن، عدل، امانت داری اور اجتماعی بھلائی کی تعلیم دیتا ہے۔ جو شخص اپنے منصب پر رہتے ہوئے اخلاص، دیانت اور ذمہ داری کے ساتھ قوم کی خدمت انجام دیتا ہے، وہ یقیناً احترام کا مستحق ہے۔ اختلافِ رائے جمہوری معاشرے کا حسن ہے، لیکن قومی خدمت کا اعتراف بھی ایک مہذب قوم کی پہچان ہے۔اجیت ڈوبھال کو لوک مانیہ تلک ایوارڈ ملنا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قومیں اپنے مخلص خادموں کی خدمات کو فراموش نہیں کرتیں۔ ایسے اعزاز نئی نسل میں احساسِ ذمہ داری، حب الوطنی، دیانت داری اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔میں جناب اجیت ڈوبھال کو اس باوقار اعزاز پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، حکمت اور مزید کامیابی عطا فرمائے۔ ساتھ ہی یہ دعا بھی ہے کہ ہمارا پیارا ہندوستان امن، ترقی، انصاف، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کی راہ پر مزید آگے بڑھے اور ہر شہری اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے

Related posts

طبیہ کالج، قرول باغ، نئی دہلی کو حکیم اجمل خاں ڈیمڈ یونانی یونیورسٹی کا قیام ہماری تحریک کا بنیادی مقصد: پروفیسر مشتاق احمد

Awam Express News

آسام کے وزیر اعلیٰ کو بلاتاخیر معطل کیا جائے اور ہیٹ اسپیچ کے مقدمات درج کیے جائیں

Awam Express News

دارالعلوم رحمانیہ سنگم وِہار نئی دہلی کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس

Awam Express News