لونی غازی آباد ، 5 ستمبر 2026 (عوام ایکسپریس )جامعہ حسینیہ خوشحال پارک، لونی، غازی آباد میں آج یومِ اساتذہ کی مناسبت سے ایک باوقار اور پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔یوم اساتذہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ کے پرنسپل جناب راشد احمد خان نے اساتذہ کے احترام اور ان کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ استاد صرف کتابی علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ طلبائ و طالبات کی شخصیت، کردار اور مستقبل کی تعمیر کرنے والا رہنما ہوتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کے لیے حسنِ اخلاق، شفقت، صبر، دیانت داری، وقت کی پابندی اور طلبائ کی صحیح تربیت کو بنیادی اوصاف قرار دیا۔ انہوں نے 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ منائے جانے کی وجہ بھی طلبا و طالبات کو بتایا اور تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آج کے پروگرام کے مقصد کے حوالے سے مدرسہ حسینیہ کے پرنسپل مسٹر راشد خان نے کہا کہ اساتذہ کے مقام و مرتبہ، ان کی ذمہ داریوں، اخلاق و کردار اور طلبا و طالبات کی تربیت میں ان کے اہم کردار کو اجاگرکرنا ہی ہماری آج کی تقریب کا مقصد تھا اور ہم آگے بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے جس سے طلبائ و طالبات کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت دی جا سکے ۔

مولانا محمد طالب صاحب نے اپنے خطاب میں معلمِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمی و تربیتی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے انسانیت کو علم، اخلاق، محبت، عدل اور حسنِ کردار کی تعلیم دی۔ انہوں نے طلبہ کو اساتذہ کا احترام کرنے اور ان کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین کی۔

تقریب میں مدرسہ کے تمام اساتذہ جناب نظام الدین اعظمی، جناب شکیل احمد، مفتی صنور قاسمی، محترمہ زینب، محترمہ اریبہ اور محترمہ شہناز فاطمہ موجود رہے۔ اس موقع پر مختلف جماعتوں کے طلبا و طالبات نے اپنے اساتذہ کے احترام اور یومِ اساتذہ کی مناسبت سے پروگرام میں بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کے اختتام پر اعظمی ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے تمام طلبائ و طالبات کو انعامات تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پرطلبا و طالبات میں بہت جوش و خروش دیکھنے کو ملا ۔
آخر میں مدرسہ کے پرنسپل راشد احمد خان نے تمام اساتذہ اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام طلبا و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر اعظمی ایجوکیشن سوسائٹی کے اراکین کا بھی تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب نہایت نظم و ضبط، احترامِ اساتذہ اور تعلیمی جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور طلبہ کے لیے یہ پیغام چھوڑ گئی کہ استاد کا احترام، علم کی قدر اور اچھا کردار ہی ایک کامیاب انسان اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔

