International

برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے روسی صدر پوتن

 وزیراعظم مودی سے ہوگی دوطرفہ ملاقات۔ کریملن

نئی دہلی۔8؍ ستمبر۔ ایم این این۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ کریملن نے دونوں رہنماؤں کے درمیان جمعہ کو ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے ہندوستان کو روس کا ‘ اسٹریٹجک پارٹنر’ قرار دیا ہے۔پوتن کے ہندوستان پہنچنے سے قبل کریملن کے ترجمان اور روسی صدر کے پریس سکریٹری دمتری پیسکوف نے منگل کو میڈیا سے ورچوئل گفتگو میں ہندوستان-روس تعلقات اور برکس سے متعلق متعدد اہم امور پر روس کا موقف پیش کیا۔پیسکوف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے باہمی رابطے انتہائی اہم ہوں گے، بالخصوص وزیراعظم مودی کے ساتھ صدر پوتن کی ملاقات۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے رہنماؤں کے درمیان قریبی اور عملی نوعیت کے تعلقات ہیں اور دونوں عالمی ایجنڈے اور باہمی تعلقات سے متعلق حساس معاملات پر کھلے اور تعمیری انداز میں بات چیت کر سکتے ہیں۔انہوں نے برکس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برکس کوئی باقاعدہ تنظیم نہیں بلکہ مختلف ممالک کا ایک ”کلب” ہے۔ اس کے پاس کوئی چارٹر، باقاعدہ قواعد یا مستقل دفتر نہیں ہے۔ ان کے مطابق یہ ایسے ممالک کا پلیٹ فارم ہے جو عالمی معاملات کو چلانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے طریقہ کار کے حوالے سے مشترکہ سوچ رکھتے ہیں۔پیسکوف نے کہا کہ روس برکس تعاون کے تین بنیادی ستونوں، یعنی سیاست و سلامتی، معیشت و مالیات اور ثقافتی و انسانی روابط، کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے برکس تعاون میں مزید ممالک کو شامل کرنے کی حمایت بھی کی۔ انہوں نے برکس کے ”پارٹنر کنٹری” تصور کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2024 میں قائم کی گئی اس نئی کیٹیگری میں بیلاروس، بولیویا، ویتنام، قازقستان، کیوبا، نائجیریا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، یوگنڈا اور ازبکستان شامل ہیں۔پیسکوف کے مطابق روس اور برکس ممالک کے درمیان تقریباً 90 فیصد ادائیگیاں اب قومی کرنسیوں میں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق برکس کے اندر ماہر سطح کی بات چیت کا بھی ذکر کیا۔ ہندوستان کی جانب سے روسی توانائی کی درآمد اور اس سلسلے میں امریکی پابندیوں سے متعلق سوال پر پیسکوف نے مجوزہ امریکی پابندیوں کے قانون کو ”غیر قانونی” قرار دیا۔

Related posts

ہندوستاناور برازیل امریکی ٹیرف کو گہرے تعاون کے مواقع میں بدل سکتے ہیں۔ برازیلی ایلچی

Awam Express News

شیخ حسینہ کے خلاف آئی سی ٹی کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی انتقامی کارروائی ہے۔ عوامی لیگ

Awam Express News

جی-7 سربراہی اجلاس کے حاشیے پر وزیر اعظم کی جرمنی کے چانسلر سے ملاقات

Awam Express News