نئی دہلی10فروری:انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کی جوشی کالونی پارٹی دفتر میں میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں لبنان،شام اور ترکی میں شدید مہلک زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی صدر مولانا نثار احمد نقشبندی نے نے کہا کہ ’’اس قدرتی آفات کی وجہ سے ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور لا تعداد لوگ زخمی اور ہزاروں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔یہ محض ایک واقعہ نہیں ہے بلکہ انسانوں کی بے بسی کا اظہار ہے ۔یہ ہمارے سامنے حقیر دنیا کی زندگی کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم کچھ بھی نہیں ہیں سب کچھ اللہ تبارک تعالی کے ہاتھ میں ہیں۔ہم لاکھ جینا چاہیں ،لاکھ عالی شان مکانات بنالیں لیکن جب اس کی مرضی نہیں ہوگی تو وہ ہمیں ذرا برابر بھی مہلت نہیں دیگا بلکہ اناًفاناً چند لمحوں میں سب کچھ ختم کردیگا۔اس واقعہ سے ہمیں اللہ کی طرف رجوع کرنا ہے اور اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا ہے اور اپنی بے بسی اور بے وقتی کو یاد رکھنا ہے ۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد سے صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی متاثرہ لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے اور پارٹی حکومت ہند کی انسانی امداد فراہم کرنے پر تعریف کرتی ہے کہ ہندوستان نے فوراً پیشکش کرتے ہوئے راحتی ٹیم بھیج کر انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا پارٹی اپنے تمام ممبران اور اہل خیر حضرات سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ناگہانی آفت کے موقع پر امداد دینے کے لئے تیار رہیں پارٹی بھی راحتی پیکج بھیجنے کا عنقریب اعلان کر سکتی ہے۔
اس میٹنگ میں دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی ،پاٹی کے جنرل سکریٹری خرم انیس عمر ،سید نیاز احمد راجہ ،یوتھ لیگ قومی صدرآصف انصاری ، دہلی پردیش کے جنرل سکریٹری شیخ فیصل حسن، اتیب احمد خان ایم ایس ایف کے قومی جنرل سکریٹری،محمد آصف،معین الدین انصاری نائب صدر ،نورالشمس ،محمد زاہد نائب خزانچی ،مولانا دین محمد قاسمی بھی موجود تھے۔