9 نومبر ’عالمی یوم اردو‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
نئی دہلی۔ 31 اکتوبر ,2026
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن دہلی اسٹیٹ کی میٹنگ زیرصدارت شیخ علیم الدین اسعدی 2540 بارات گھر، بارہ دری، بلی ماران، دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ میٹنگ میں تنظیمی امور، آئندہ سرگرمیوں اور اردو زبان کے فروغ کے حوالے سے اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی اور 9 نومبر کو اردو ڈے کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈاکٹر نجم السحر خاں کو اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن دہلی اسٹیٹ کا نائب صدر اور محمد ناصر کو سکریٹری مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ چار زونوں کے لیے پہلے سے مقرر کیے گئے ذمہ داران کی ذمہ داریوں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ممبر سازی پر خصوصی زور دیا گیا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو تنظیم سے جوڑنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ اردو کی بقا اور فروغ کے لیے اردو رسم الخط کو لازمی قرار دیا گیا۔ میٹنگ کے اہم شرکاء میں ڈاکٹر مفتی جاوید انور، انجینئر فیروز مظفر حنفی، شہادت علی نظامی، محمد وسیم صدیقی، حکیم حافظ محمد مرتضیٰ دہلوی، محمد شارق، محمد عمران قنوجی، عبدالواحد، محمد ناصر، ڈاکٹر نجم السحر خاں، حکیم اخلاق احمد، گلزار احمد اور مجددالدین سرور نے شرکت کی۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ اور تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے تمام اراکین مل جل کر کام کریں گے۔آخر میں تمام شرکاء کا شکریہ تنظیم کے جنرل سکریٹری انجینئر فیروز مظفر حنفی نے ادا کیا۔

