حاجی سید سلمان چشتی کی قیادت میں کشمیر سے کنیا کماری اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا تک محبت، اتحاد اور امن کا پیغام پہنچانے کا عزم
نئی دہلی۔21؍ نومبر۔ ایم این این۔ عالمی امن، انسانی بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یونٹی ارتھ انڈیا (Unity Earth India) کا باضابطہ آغاز نئی دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (IICC) میں ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا۔ تقریب میں مختلف مذاہب کے روحانی رہنماؤں، سفارت کاروں، دانشوروں، صحافیوں، سماجی کارکنوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی قیادت درگاہ اجمیر شریف کے گدی نشین اور یونٹی ارتھ انڈیا کے صدر حاجی سید سلمان چشتی نے کی۔ ان کے ہمراہ سابق سفیر انیل تریگنایت اور یونٹی ارتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بین باؤلر بھی موجود تھے۔ امریکہ سے یانی مانیاتیس اور کرٹ جانسن سمیت عالمی تنظیم کے متعدد نمائندے آن لائن شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت راہل آگسٹین نے کی۔تقریب کا آغاز مختلف مذاہب کی مشترکہ دعاؤں سے ہوا۔ امام حفظ الرحمٰن خان نے قرآن مجید کی آیات تلاوت کیں، گوسوامی سشیل جی مہاراج نے ویدک منتر پڑھے، حسین دیدی نے امن کی دعا کی، ڈاکٹر اے کے مرچنٹ نے بہائی دعائیں پیش کیں، سنت رچھپال سنگھ جی نے گربانی کا شبد پڑھا جبکہ بین باؤلر نے انجیل مقدس سے دعا پیش کی۔ اس موقع پر صوفی وادی اینسمبل کی روح پرور قوالی نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔حاجی سید سلمان چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونٹی ارتھ انڈیا کی بنیاد ہندوستان کی قدیم تہذیبی روایت ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے، اور حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نوازؒ کے آفاقی پیغام ’’سب سے محبت، کسی سے نفرت نہیں‘‘ پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت، باہمی احترام، محبت اور ہمدردی ہی عالمی امن کی حقیقی بنیاد ہیں۔ یونٹی ارتھ انڈیا کی سرگرمیوں کو کشمیر سے کنیا کماری تک وسعت دی جائے گی اور اس کے امن و بھائی چارے کے پیغام کو جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا تک پہنچایا جائے گا۔یونٹی ارتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بین باؤلر نے تنظیم کے دس سالہ عالمی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح مختلف براعظموں میں مذاہب اور برادریوں کو قریب لانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ سابق سفیر انیل تریگنایت نے موجودہ عالمی حالات میں ایسے بین المذاہب پلیٹ فارم کی اہمیت پر زور دیا۔بھارتیہ سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سشیل جی مہاراج نے کہا کہ جب مختلف مذاہب کے لوگ ایک چھت کے نیچے دعا کرتے ہیں تو ہندوستان دنیا کے سامنے انسانی اتحاد کی بہترین مثال پیش کرتا ہے۔ عالمی روحانی رہنما موہن جی نے کہا کہ اتحاد کوئی نئی چیز نہیں جسے پیدا کرنا ہو بلکہ یہ ہماری اصل شناخت ہے۔ مصنف اور سرمایہ کار یعقوب میتھیو نے امن کو انسانیت کی سب سے بہترین سرمایہ کاری قرار دیا۔تقریب میں دہلی یونین کے نوجوان رضاکاروں نے شیووم سنگھ اور ویوان بالہارا کی قیادت میں سرگرم کردار ادا کیا، جبکہ دیویش گپتا اور کیشو گپتا کی رہنمائی میں دی ڈائس کے نوجوانوں نے بھی انتظامات میں حصہ لیا۔ایتھوپیا کے سفیر موسی ہیلو کا خیرسگالی پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا، جبکہ یونائیٹڈ ریلیجنز انیشی ایٹو کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔شرکاء میں ممتاز صحافی رشی سوری، آواز دی وائس کے عاطر خان، جی سی ٹی سی کے صدر آدتیہ ٹکو، متعدد سفارت کار، اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات اور مختلف سماجی و روحانی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ ان میں پیس انیشی ایٹو، سیکرڈ ہارمنی، ایچ کے ایل گلوبل والنٹیئرز، گلوبل کائنڈنیس موومنٹ، اسپک میکے اور آئی آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر حاجی سید سلمان چشتی نے درگاہ اجمیر شریف کی جانب سے پوری دنیا میں امن، محبت، اتحاد، انسانی وقار کے تحفظ اور تمام مخلوقات کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونٹی ارتھ انڈیا کے ذریعے ہندوستان کی صدیوں پرانی رواداری، صوفی تعلیمات اور بین المذاہب ہم آہنگی کی روایت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور محبت و انسانیت کا پیغام ملک کے ہر گوشے اور دنیا بھر تک پہنچایا جائے گا۔
previous post

