نئی دلی۔ 8؍ اکتوبر۔ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج نئی دہلی میں وزیر مملکت جناب اجے ٹمٹا کی موجودگی میں قومی شاہراہوں پر سفر کی سہولت کو بڑھانے اور سڑکوں کی نقل و حمل اور شاہراہوں کے راستے کی سہولیات کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے ’ہمسفر پالیسی‘ کا آغاز کیا۔نقاب کشائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے، سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر، جناب نتن گڈکری نے کہا کہ اس اقدام سے سماج کے مقامی پسماندہ طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اسکیم صارفین کے لیے ہموار، محفوظ اور خوشگوار سفر کی سہولت فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ ماحول دوست ہوگی اور اسے ماحولیات اور صفائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پالیسی کو بناتے وقت پانی کے تحفظ، مٹی کے تحفظ، فضلے کی ری سائیکلنگ، شمسی توانائی وغیرہ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے وزارت کے افسران سے اس پالیسی کے ذریعے مسافروں کو معیاری خدمات کو یقینی بنانےکے لئے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایچ اے آئی کی کئی گرین ہائی ویز کی منصوبہ بندی مختلف سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔انہوں نے قومی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپ مالکان سے اپیل کی کہ وہ پیٹرول پمپ پر ضوابط کے مطابق بنیادی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پالیسی کے تحت فوڈ کورٹ، کیفے ٹیریا، فیول اسٹیشن، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن، پارکنگ کی سہولیات، ٹوائلٹ کی سہولت، بیبی کیئر روم، اے ٹی ایم، گاڑیوں کی مرمت کی دکان، فارمیسی کی خدمات قومی شاہراہوں کے صارفین کے لیے بہتر تجربات کو یقینی بنائیں گی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے وزیر مملکت جناب اجے ٹمٹا نے کہا کہ جناب نتن گڈکری کی رہنمائی میں 1.5 لاکھ کلومیٹر طویل قومی شاہراہوں کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے وژن اور مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر کی رہنمائی کئی مشکلات کے باوجود اس ملک میں بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی لا رہی ہے۔اس موقع پر مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری اور وزیر مملکت جناب اجے ٹمٹا نے تھیم پر لگائی گئی نمائش کا بھی دورہ کیا۔