نئی دہلی۔ 9؍ نومبر۔ ایم این این۔وزیرِ اعظم نریندر مودی 11 سے 12 نومبر 2025 تک بھوٹان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد بھارت اور بھوٹان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوطرفہ روابط کی طویل روایت کا تسلسل ہے۔دورے کے دوران، وزیرِ اعظم مودی کی ملاقات بھوٹان کے بادشاہ جِگمے خیسر نامگیل وانگچک سے ہوگی۔ دونوں رہنما 1020 میگاواٹ کے پُناتسنگ چھو-II ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے، جو حکومتِ ہند اور بھوٹان کی شاہی حکومت کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم مودی بھوٹان کے چوتھے بادشاہ جِگمے سنگئے وانگچک کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ، وہ بھوٹان کے وزیرِ اعظم تسیرنگ ٹوبگے سے بھی ملاقات کریں گے۔یہ دورہ اُس وقت ہو رہا ہے جب بھارت سے لائے گئے پِپراہوا کے مقدس بدھ مت کے تبرکات بھوٹان میں عوامی زیارت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم مودی تھمپو کے تاشی چھو دزونگ مندر میں ان تبرکات پر عبادت کریں گے اور گلوبل پیس پریئر فیسٹیول میں بھی شرکت کریں گے، جس کا اہتمام بھوٹان کی شاہی حکومت کر رہی ہے۔بھارت اور بھوٹان کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، خیرسگالی اور احترام پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روحانی ورثہ اور قریبی روابط اس شراکت داری کا نمایاں پہلو ہیں۔ وزیرِ اعظم مودی کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کرنے اور نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
previous post

