Uncategorized

عالم نقوی (علیہ الرحمہ) کے انتقال پر تعزیتی مجلس

نوئیڈا، گوتم بدھ نگر۔ 16 اکتوبر 2024
عالم نقوی (علیہ الرحمہ) کے برادر خورد ایم طاہر نقوی کی قیام گاہ پر 13 اکتوبر 2024 کو ایک دعائیہ تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔ اس مجلس کی صدارت جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی کے سابق استاذ پروفیسر معین الدین جینابڑے نے کی۔ مجلس میں دیگر شرکا کے علاوہ منصور عالم قاسمی، لئیق رضوی، آصف فہمی (ماہنامہ دین دنیا)، ڈاکٹر محمود عالم (استاذ شعبہ کامرس، ذاکر حسین کالج)، نعیم الدین صاحب، محمد عارف اقبال وغیرہ شامل تھے۔ ’اردو بک ریویو‘ نئی دہلی کے ایڈیٹر محمد عارف اقبال نے تعزیتی مجلس کی نظامت کرتے ہوئے کہا کہ معروف صحافی و دانشور عالم نقوی (علیہ الرحمہ) کا شمار ان صحافیوں میں ہوتا ہے جس صف میں علامہ عثمان فار قلیط (الجمعیۃ) اور محمد مسلم (دعوت سہ روزہ) شامل تھے۔ عالم نقوی اپنی فکر اور نصب العین کے اعتبار سے مسلک و مشرب سے بہت اوپر تھے۔ وہ اتحاد اُمت کے داعی اور تاحیات کذب و افترا سے دور رہے۔ وہ حق پر مبنی صحافت کے علمبردار تھے۔ ایم-طاہر نقوی نے ایک مختصر مقالہ پڑھا جس میں عالم نقوی کی خوبیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔ منصور عالم قاسمی، آصف فہمی، ڈاکٹر محمود عالم اور نعیم الدین نے بھی اظہار خیال کیا۔ صدر مجلس کے خطاب سے قبل سینئر الکٹرونک میڈیا کے صحافی لئیق رضوی نے اپنے مختصر مقالے میں عالم نقوی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے چند کارناموں کا ذکر کیا۔ یہ بھی ذکر کیا کہ عالم نقوی کو ایک مضمون کی اشاعت پر کس طرح شبانہ اعظمی اینڈ کمپنی کی طرف سے دھمکیاں ملتی رہیںلیکن عالم نقوی نے صبر و تحمل سے کام لیا اور ذرہ برابر بھی اس کی پروا نہیں کی۔
تعزیتی مجلس کے آخر میں پروفیسر معین الدین جینابڑے نے اپنے مخصوص لیکن غم زدہ لہجے میں عالم نقوی سے اپنے خصوصی تعلق اور دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالم نقوی مذہبی و لسانی عصبیت سے آسمان اور زمین کا فاصلہ رکھتے تھے۔ ان میں لکھنؤ کی تمام خوبیاں تھیں لیکن وہاں کی معیوب باتوں سے وہ کوسوں دور تھے۔ عالم نقوی تعمیری ذہن سازی میں یدطولیٰ رکھتے تھے۔‘‘ معین الدین جینابڑے کے آخری الفاظ تھے ’’بالآخر زندگی میں سانجھ کی بیلا آگئی۔۔۔۔‘‘
اس تعزیتی مجلس کا اختتام عالم نقوی کی مغفرت کی دعا پر ہوا۔

Related posts

دل کی صحت اور کینسر سے بچاؤ کے لیے سٹرابیری کھانے کے 6 حیرت انگیز فوائد

Awam Express News

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے دہلی میں نائب صدر جگدیپ دھنکھر سے ملاقات کی

Awam Express News

جمیکا ٹیکنالوجی، سیکورٹی اور توانائی کے شعبہ میں ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں

Awam Express News