National

عبادت گا ہ ایکٹ پر سپریم کورٹ میں سماعت: حکومت نے اب تک اپنا جواب داخل نہیں کیا

جمعیۃ علماء ہند کے وکیل نے حکومت کی خاموشی پرسوال اٹھایا ۔ اگلی سماعت اپریل میں
نئی دہلی : 17 فروری 25سپریم کورٹ نے آج (17 فروری) ’’ عباد ت گاہ ایکٹ1991‘‘سے متعلق عرضیوں کی سماعت اپریل تک کے لیےمؤخر کر دی۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس سنجے کمار پر مشتمل بنچ اس معاملے کی سماعت کررہی تھی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس معاملے میں 12دسمبر 2024 کو ایک عبوری فیصلہ سنانے کے دن تین ججوں کے بنچ نے سماعت کی تھی، جس میں چیف جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس سنجے کمار اور جسٹس کے وی وشواناتھن شامل تھے، تاہم اس بار محض دو جج ہی موجود تھے،اس بنیاد پر سماعت آگے نہ بڑھ سکی ۔ آج عدالت کو مطلع کیا گیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس اہم معاملے میں ابھی تک کوئی جواب جمع نہیںکرایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ ایک طرف اس ایکٹ” کی آئینی حیثیت چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت کر رہا ہے اور دوسری طرف صد ر جمعیۃ علماء ہندمولانا محمود اسعد مدنی و دیگر کی عرضیوں پر بھی غور کر رہا ہے جس میں اس ایکٹ کے سخت نفاذ کی درخواست کی گئی ہے۔ آج جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکاڈر منصور علی خاں اور ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی پیش ہوئے ۔ جمعیۃ کے وکلا نے حکومت کی طرف سے ہنوز جواب داخل نہ کیے جانے اور خاموشی اختیار کرنے پر سوال اٹھایااور زوردیا کہ حکومت ہند کو ملک کی سالمیت، مسئلہ کی حساسیت اور قانون کی پاسداری کا لحاظ کرتے ہوئے اپنا جواب جلد ازجلد داخل کرنا چاہیے ۔
واضح ہو کہ اس ایکٹ کی دفعہ 4 کے مطابق 15 اگست 1947 کو موجود عبادت گاہوں کی مذہبی نوعیت ویسی ہی رہے گی جیسی وہ اس دن تھیں۔ اس قانون کے مدنظر 12 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ نے ایک اہم حکم جاری کیا تھا، جس میں عبادت گاہوں کے خلاف نئے مقدمات اور سروے کے احکام پر پابندی عائد کی تھی۔ اس حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ زیر التوا مقدمات میں کوئی مؤثر عبوری یا حتمی حکم نہ دیا جائے۔اس حکم کے بعد ملک میں مساجد اور درگاہوں کے خلاف فرقہ پرستوں کی طبع آزمائیوں پر روک لگی ہے ، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ الگ الگ بہانوں سے فرقہ پرست عناصر او ران کے ہم نوا مساجد و درگاہوں کو نشانہ بناتے ہیں ، اس لیے اس معاملے پر حتمی فیصلے کی سخت ضرورت ہے ، نیز حکومت سمیت سبھی بااثر لوگوں کو متحدہونے کی ضرورت ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related posts

جے ایم ایم-کانگریس اتحاد کی وجہ سے جھارکھنڈ میں دراندازوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے: مودی

Awam Express News

جمعیۃ علماء کی سو سالہ خدمات سے اس وطن میں ملت اسلامیہ کا وقار بلند ہوا ہے: مولانا حکیم الدین قاسمی ، ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند

Awam Express News

بھارتسرکلر اکانومی پر اپنے تجربات کو دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم مودی

Awam Express News