UAE

متحدہ عرب امارات میں تعلیم ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے، شیخ نہیان بن مبارک

رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر، شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تعلیم ایک روشن مستقبل کی تعمیر کا سنگ بنیاد اور پائیدار ترقی کے حصول کا بنیادی ستون ہے۔

28 فروری کو ہر سال منائے جانے والے "اماراتی یومِ تعلیم” کے موقع پر اپنے بیان میں، شیخ نہیان بن مبارک نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم متحدہ عرب امارات کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں شامل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا ہر سال 28 فروری کو "اماراتی یومِ تعلیم” کے طور پر منانے کا فیصلہ، ان کی دور اندیش قیادت اور ملک میں تعلیم کو اولین ترجیح دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

شیخ نہیان بن مبارک نے کہا کہ یہ دن نہ صرف امارات میں تعلیمی شعبے کی کامیابیوں کا جشن ہے، بلکہ اس حقیقت کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ ذہنی استعداد میں سرمایہ کاری ہی ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے معاشرے کی امنگوں، اصولوں، اقدار اور طرزِ زندگی کو تشکیل دیا جاتا ہے۔

شیخ نہیان نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ اماراتی قیادت، عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی ترقی، اس عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات مستقبل کی نسلوں کو وہ علم اور مہارتیں فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں جو قومی اور عالمی سطح پر ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔

وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی نے تعلیم کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف علم اور ہنر کو فروغ دیتا ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، رواداری، اور انسانی بھائی چارے جیسے بنیادی اقدار کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ رواداری اور بقائے باہمی کا پختہ یقین ہے کہ تعلیم، نوجوان نسل میں رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کی بنیاد ہے، تاکہ وہ دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوں۔

شیخ نہیان بن مبارک آلنہیان نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور حکومت کی تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں تعلیمی میدان میں ترقی کا سفر مسلسل جاری رہے گا، تاکہ امارات کو عالمی تعلیمی مراکز میں نمایاں مقام حاصل ہو۔

Related posts

پی ایم مودی نے آئی آئی ٹی دہلی۔ابوظہبی کیمپس کے پہلے بیچ کے ساتھ بات چیت کی

Awam Express News

متحدہ عرب امارات کے صدر کا رمضان کے موقع پر 1,295 قیدیوں کی رہائی کا حکم

Awam Express News

شہداء وفاداری، قربانی کی ابدی علامت ہیں: فاطمہ بنت مبارک

Awam Express News