نئی دہلی۔5 ؍ مارچ۔ ایم این این۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری مجموعی تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان دفتر خارجہ کے سالانہ مشاورت کے لیے 7 مارچ کو روس کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس معاملے سے واقف لوگوں نے آج یہ اطلاع دی۔ واقفکار لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ دفتر خارجہ میں مشاورت کے علاوہ، مصری سے اپنے ایک دن کے دورے کے دوران اعلیٰ روسی قیادت کے ارکان سے ملاقات کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں فریقوں کے لیے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کا ایک موقع بھی ہو گا۔ذرائع نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا، خاص طور پر ہندوستانی برآمدات کو بڑھانا تاکہ دو طرفہ تجارت کو زیادہ متوازن بنایا جا سکے، اور اضافی مغربی پابندیوں کے باوجود ہندوستان کو روسی توانائی کی سپلائی کو برقرار رکھنا ان مسائل میں شامل ہونے کی توقع ہے جو روس میں خارجہ سکریٹری کی میٹنگوں میں ہوں گے۔دو طرفہ تجارت کی مالیت اس وقت تقریباً 66 بلین ڈالر ہے، حالانکہ یہ روس کے حق میں ہے کیونکہ 2022 سے بھارت نے خام تیل کی بڑے پیمانے پر خریداری کی ہے۔ پچھلے سال، دونوں فریقوں نے 2030 تک 100 بلین ڈالر کا باہمی تجارت کا ہدف مقرر کیا تھا۔یوروپی ممالک نے روس کے ذریعہ تیل کی برآمدات کو روکنے کے لئے پابندیوں میں اضافہ کیا ہے ، جو ہندوستان کو توانائی فراہم کرنے والے سرفہرست دو ممالک میں شامل ہے۔ روس کے شیڈو فلیٹ پر نئی پابندیوں نے ملک کی دنیا بھر میں تیل کی سپلائی کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔