نئی دہلی۔29؍مئی۔ ایم این این۔یوگا کے 11 ویں بین الاقوامی دن (آئی ڈی وائی( کے شاندار جشن کی تیاریوں کے سلسلے میں، کل سشما سوراج بھون، چانکیہ پوری، نئی دہلی میں بین وزارتی کمیٹی (آئی ایم سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی ڈی وائی 2025 کی تیاریوں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت کے مکمل نقطہ نظر اور عزم کی عکاسی کرتے ہوئے، اس اجلاس میں کلیدی وزارتوں، آیوش اداروں اور متعلقہ محکموں کے سینئر عہدیداروں کوشامل کیا گیا تاکہ اس عالمی جشن صحت و تندرستی میں وسیع شرکت اور مؤثر رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔کلیدی خطاب میں، آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج( اور صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے وزیراعظم کے وژن کو ہر شہری تک یوگا پہنچانے کے لیے تمام سرکاری محکموں کے مربوط اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ "بین الاقوامی یومِ یوگا صرف ایک جشن نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو وزارتوں، اداروں اور شہریوں کو جامع صحت کی مشترکہ وابستگی میں متحد کرتی ہے۔”وزیر موصوف نے بھارت اور بیرون ملک 250 سے زائد تقریبات کے ذریعے پیدا ہونے والی مثبت رفتار (جوش و خروش)کو اجاگر کیا اور تیاریوں کے آخری مرحلے میں مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 13 مارچ سے روزانہ کی بنیاد پر کاؤنٹ ڈاؤن تقریب کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 76 تقاریب منعقد ہو چکی ہیں اور متعدد ممالک کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی گئی ہے، جو آئی ڈی وائی 2025 کی تیاریاں ظاہر کرتی ہیں۔وزیر نے حال ہی میں وزیر صحت و خاندانی بہبود کی سربراہی میں منعقدہ گروپ آف منسٹرز کی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے تیاریوں کے آخری مراحل کے لیے دی گئی حکمت عملی کی رہنمائی کو بھی سراہا۔شری جادھو نے مشترکہ یوگا پروٹوکول کی تشکیل میں یوگا گرووں کے کلیدی کردار کا شکریہ ادا کیا اور تمام محکموں سے درخواست کی کہ وہ یوگا سنگم میں وسیع پیمانے پر شرکت کو یقینی بنائیں۔اپنے استقبالیہ کلمات میں، آیوش وزارت کے سکریٹری نے آئی ڈی وائی 2025 کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کی اہمیت کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی وائی ایک سب سے بڑے عالمی تحریکوں میں سے ایک بن چکا ہے، جس میں صرف بھارت میں ہی آئی ڈی وائی 2024 میں تقریباً 24 کروڑ افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وزارت اس سال ’یوگا سنگم‘ کے تحت ایک اور بڑا عزم لے کر آگے بڑھ رہی ہے، جس کے تحت 21 جون 2025 کو ایک لاکھ سے زائد یوگا تقریبات بیک وقت منعقد کی جائیں گی، جس کی قیادت وزیر اعظم ویشا خاپٹنم، آندھرا پردیش سے کریں گے۔

