نئی دہلی۔ ۷؍ جولائی ۲۰۲۵ء (پریس ریلیز)
دارالعلوم رحمانیہ (شاخ ندوۃ العلما لکھنؤ)، سنگم وہار، نئی دہلی میں رحمانیہ ایجوکیشن سوسائٹی کی مجلس عاملہ کی سالانہ میٹنگ زیرصدارت مولانا محمد خالد ندوی غازی پوری منعقد ہوئی جس میں اتفاق رائے سے مشہور سماجی شخصیت و ماہر طبیب ڈاکٹر سیّد احمد خاں کو صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا محمد خالد ندوی غازی پوری نے سکریٹری رپورٹ پیش کرنے کے بعد ڈاکٹر سیّد احمد کو نئی ذمہ داریوں کے لیے مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں مدرسہ کی تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں کا بھرپور جائزہ لیا گیا نیز تعمیری ضرورتوں پر غور و خوض کیا گیا۔ اس کے علاوہ مدرسہ کے اساتذہ و ملازمین کے مشاہروں میں سالانہ اضافہ کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔
میٹنگ میں مدرسہ کے نصاب میں کچھ ضروری عصری مضامین کو شامل کرنے پر غور کیا گیا اور اس کی ضرورت کے پیش نظر ایک منظم لائحہ عمل تیار کرکے اس پر عمل کرنے کی تجویز عمل میں آئی۔
میٹنگ میں خاص طور سے مولانا شمس الحق، ڈاکٹر عبیدالرحمن، حاجی سیّد زاہد علی، عبدالاحد، محمد اسحق خاں، محمد صابر اور معراج خاں ندوی نے اظہار خیال کیا اور دارالعلوم رحمانیہ میں مزید تعلیمی اور تربیتی پروگراموں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ مولانا محمد خالد ندوی غازی پوری کی رقت آمیز دعا پر مجلس کا اختتام ہوا اور تمام شرکاء کا شکریہ مولانا معراج احمد ندوی نے ادا کیا۔
جاری کردہ
مولانا معراج احمد ندوی

