ٹرمپ کے ٹیرف کے درمیان ہندوستان اور روس کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا عہد کیا
نئی دہلی۔ 8؍ اگست۔ ایم این این۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ایک فون کال پر بات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-روس تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ یہ بات چیت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے روسی تیل کی خریداری پر ہندوستانی سامان پر 50 فیصد ٹیرف لگانے کے چند دن بعد ہوئی ہے۔پی ایم مودی اور پوتن نے دو طرفہ ایجنڈے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر بات چیت کی۔صدر پیوٹن نے وزیر اعظم کو یوکرین سے متعلق تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ صدر پوتن کا تفصیلی جائزہ لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے تنازعہ کے پرامن حل کے لیے ہندوستان کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے صدر پوتن کو اس سال کے آخر میں 23 ویں ہندوستان-روس سالانہ چوٹی کانفرنس کے لئے ہندوستان مدعو کیا۔اس سے پہلے جمعرات کو پی ایم مودی کو برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کا ٹیلی فون آیا۔ کال کے دوران، دونوں رہنماؤں نے تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی، دفاع، زراعت، صحت اور عوام سے عوام کے تعلقات میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا۔ان بات چیت کی بنیاد پر، انہوں نے ہندوستان-برازیل اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

