طبیہ کالج کے بانی حکیم اجمل خاں بھارت رتن کے مستحق: تیج لال بھارتی
نئی دہلی۔ 21 اگست 2025 (پریس ریلیز)
حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کے قومی صدر گاندھی وادی لیڈر تیج لال بھارتی نے ایک اہم میٹنگ میں ممتاز مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کو حکومت ہند سے بھارت رتن دینے کی تجویز رکھی جسے اتفاق رائے سے منظور کرتے ہوئے شرکاء نے حکیم اجمل خاں کو بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ کیا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ دیرآید درست آید کے مصداق موجودہ مرکزی حکومت حکیم اجمل خاں کو بھارت رتن دینے کی پہل کرے۔ تیج لال بھارتی نے کہا کہ ان کی تعمیر کردہ عمارتوں میں ’بچوں کا گھر‘ بھی ایک عظیم یادگار ہے، اس کا رکھ رکھائو دہلی والوں پر منحصر ہے۔ خاص طور سے وال سٹی دہلی کے عوام متوجہ ہوکر اس عظیم یادگار کو باوقار بنائیں جس سے کمزور طبقات اور یتیموں کو مزید سہولیات میسر ہوں نیز بچوں کا گھر سے وابستہ تعلیمی اداروں کو بربادی سے بچایا جائے۔ میٹنگ میں حکیم اجمل خاں کے پڑپوتے جناب مسرور احمد خاں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تنظیم ہذا کا سرپرست اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ جبکہ ڈاکٹر لال بہادر، حکیم ایس پی بھٹناگر، ڈاکٹر شکیل احمد کو نائب صدر اور ڈاکٹر سیّد احمد خاں کو جنرل سکریٹری کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایگزیکیٹو ممبران میں سابق ممبر پارلیمنٹ لوک سبھا خلیل آباد جناب لال منی پرساد، ڈاکٹر صباحت اللہ امروہوی، ڈاکٹر وجاہت علی، تحسین علی اساروی، اسرار احمد اُجینی، بابولال بھارتی، انل کمار، علیم انصاری ، حکیم آفتاب عالم اور محمد عمران قنوجی شامل کیے گئے۔