نیویارک۔28 ؍ ستمبر۔ ایم این این۔ وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری (مغربی( سبی جارج نے نیویارک میں منعقدہ G7 ترقیاتی وزراء کے دوسرے اجلاس سے خطاب کے دوران بھارت کے اس جامع اور انسان دوست ترقیاتی فلسفے کی وکالت کی جو ‘ سروودیہ’ (سب کی فلاح) کے اصولوں پر مبنی ہے۔اس اجلاس کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ نے ‘ ایکس’ پر بیان جاری کیا کہ "سیکریٹری (مغربی) سبی جارج نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر G7 کی صدارت کرنے والے ملک فرانس کے زیرِ اہتمام منعقدہ G7 ترقیاتی وزراء کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے بھارت کے انسان دوست اور جامع ترقیاتی راستے پر زور دیا جو ‘ سروودیہ’ کے اصولوں سے عبارت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کا موقف ہے کہ ترقی محض مالی وسائل کی فراہمی کا نام نہیں بلکہ یہ مقامی صلاحیتوں کی تعمیر اور لچک کو مضبوط بنانے کا عمل ہے، اور اس سلسلے میں انہوں نے بھارت کے ترقیاتی شراکت داری کے اقدامات کا حوالہ دیا۔وزارتی اجلاس سے قبل، سیکریٹری جارج نے مشترکہ عالمی فریم ورک، جامع پیش رفت اور کثیر الجہتی اداروں میں ساختی اصلاحات کے لیے ملک کے عزم کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی ‘ حقِ ترقی کے معاہدے کے جلد نفاذ کی حمایت کی۔اس سفارت کار نے یہ موقف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران بھارت کا قومی بیان پیش کرتے ہوئے اختیار کیا جو ‘ حقِ ترقی کے اعلامیے’ کے قیام کے چالیس سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔اس خطاب کو اجاگر کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ‘ایکس’ پر پوسٹ کیا کہ "سیکریٹری (مغربی( سبی جارج نے ‘ حقِ ترقی کے اعلامیے’ کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارت کا قومی بیان پیش کیا۔ انہوں نے جامع ترقی، بین الاقوامی تعاون اور کثیر الجہتی اصلاحات کے لیے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا اور ‘ حقِ ترقی کے معاہدے’ کو جلد اپنائے جانے کی حمایت کی۔

