7/نومبرویشالی( پریس ریلیز)مولانا محمد عیسیٰ منصوری صدر ورلڈ اسلامک فورم برطانیہ کا طویل علالت کے بعد 7/ نومبر 2026ء کو لندن میں انتقال ہو گیا، وہ بڑے عالم، مفکر، داعی، مبلغ اور مصلح تھے، زمانہ تک تبلیغی جماعت سے منسلک رہے، ان کا برطانیہ کا پہلا سفر دعوت و تبلیغ کے ہی حوالے سے ہوا تھا، پھر وہ وہیں کے ہو کر رہ گئے، انہوں نے مولانا سلمان الحسینی ندوی، مولانا زاہد الرشیدی کے ساتھ مل کر ورلڈ اسلامک فورم کی بنیاد رکھی، 1992ء سے 1997ء تک اس عہدہ پر فائز رہے، ان کا اصل وطن ہندوستان کا شہر امراوتی تھا، لیکن وہ گزشتہ پچاس سالوں سے لندن میں مقیم تھے، ان کے انتقال سے علمی، فکری اور دعوتی میدان میں بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے، ان خیالات کا اظہار مولانا محمد نظر الہدی قاسمی صدر ادارہ ادب اسلامی ویشالی اور سکریٹری نور اردو لائبریری حسن پورگنگھٹی بکساما، ویشالی نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا، مولانا نے فرمایا کہ والد گرامی قدر مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی سے ان کے دیرینہ مراسم اور تعلقات تھے، والد صاحب کی دعوت پر وہ نور اردو لائبریری کی نئی عمارت کے افتتاح کے وقت لندن سے مولانا برکت اللہ مشیر شرعی کے ساتھ تشریف لائے تھے اور اجلاس سے خطاب بھی فرمایا تھا، والد صاحب کا پہلا سفر لندن بھی ان کے اسپاؤنسرپر ورلڈ اسلامک فورم کے نام پر ہی ہوا تھا، والد صاحب کا آنا جانا لندن لگا ہی رہتا تھا، کبھی کبھی وہ اپنی علالت کے باوجود اسٹیشن ان کو لینے آجاتے، گھنٹوں والد صاحب سے باتیں کیا کرتے تھے، ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کی بھرپائی جلدی ممکن نہیں ہے، اللہ تعالی مولانا عیسیٰ منصوری صاحب کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان میں غالباً صرف اہلیہ ہیں چونکہ مولانا لاولد تھے، ان کو اور مولانا کے ہزاروں معتقدین جو بر صغیر ہند و پاک اور برطانیہ میں پھیلے ہوئے ہیں ان کو صبر جمیل بخشے آمین ۔

