National

کویت آتشزدگی سانحہ میں ہلاک ہونے والے 45 ہندوستانیوں کی میتیں ہندوستان لائی گئیں

نئی دہلی، 14 جون (ہ س)۔ کویت میں آتشزدگی کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے 45 ہندوستانیوں کی میتیں جمعہ کو فضائیہ کے خصوصی طیارے میں ہندوستان لائی گئیں۔ طیارہ آج دوپہر کوچی پہنچا، جہاں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین، وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ، مرکزی وزیر سریش گوپی اور دیگر وزرا نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
مرنے والوں میں کیرالہ سے 23، تمل ناڈو سے 7، آندھرا پردیش سے 3، اتر پردیش سے 3، اڈیشہ سے 2 اور بہار، پنجاب، کرناٹک، مہاراشٹر، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور ہریانہ سے ایک ایک کا تعلق ہے۔
واضح ہو کہ کویت کے شہر منگاف میں بدھ کوچھ منزلہ عمارت میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جہاں بھارتی کارکنوں کا رہائشی کیمپ تھا۔ اس میں کم از کم 48 لوگوں کی موت ہو گئی۔ عمارت میں رہنے والے 176 ہندوستانی کارکنوں میں سے 45 کی موت ہوگئی اور 33 اسپتال میں داخل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ رابطہ کاری کے لیے کویت گئے تھے۔ وہاں کے انتظامی عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ انہوں نے پانچ اسپتالوں کا دورہ بھی کیا جہاں 33 ہندوستانی زیر علاج ہیں۔ وزیر نے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے کویت جانے کی اجازت نہ ملنے کو بدقسمتی قرار دیا۔کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے جمعہ کو کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مرکزی حکومت نے کویت میں آتشزدگی کے المناک حادثے سے متاثرہ ریاست کے لوگوں کی مدد کے لیے انہیں خلیجی ملک کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی۔
وزیر صحت نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ میں مرنے والوں میں سے آدھے سے زیادہ کیرالہ سے تھے۔ مختلف اسپتالوں میں داخل زیادہ تر زخمیوں کا تعلق بھی کیرالہ سے ہے۔ ایسے میں وزارت خارجہ کی جانب سے انہیں کویت جانے کی اجازت نہ دینا بدقسمتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کیرالہ حکومت نے جمعرات کو کابینہ کی ہنگامی میٹنگ کر وینا جارج اور ریاستی مشن ڈائریکٹر (این ایچ ایم) جیون بابو کوآرڈینیشن کے لیے فوری طور پر کویت جانے کا اعلان کیا تھا۔

Related posts

سپریم کورٹ نے عبادت گاہوں کے خلاف نئے مقدمات درج کرنے پر روک لگائی، زیر التوا مقدمات میں حتمی فیصلے اور سروے کے احکامات جاری کرنے پر پابندی

Awam Express News

مجھے ہر وقت چوکنا رہنا پڑتا ہے، کہیں بی جے پی فسادات نہ بھڑکا دے… ممتا بنرجی

Awam Express News

مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کا اعلیٰ سطحی راحتی وفد کا دورہ پنجاب اور ریلیف کی تقسیم

Awam Express News