سعودی عرب کی وزارت صحت نے گرم موسم کے دوران حج کے ایام میں عازمین کے ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے کے خطرے کے پیش نظر ایک خصوصی ہنگامی طبی مرکز قائم کیا ہے جس میں ہیٹ سٹروک کے اثرات سے بچاؤ کے لیے چوبیس گھنٹے طبی سہولیات دستیاب ہیں۔
مکہ مکرمہ کے النور اسپیشلسٹ ہسپتال میں’ہیٹ سٹروک‘ اور گرمی کی تیز لہر سے متاثر ہونے والے عازمین حج کی دیکھ بھال کے لیے ایک خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس طبی مرکز میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ عازمین کو درکار طبی سہولیات میں برف محفوظ کرنے والے ریفریجیریٹرز اور پانی کا چھڑ کاؤ کرنے والے پنکھے بھی شامل ہیں۔
مکہ مکرمہ میں قائم طبی مرکز اپنی نوعیت کا منفرد مرکز ہے جہاں چوبیس گھنٹے عازمین کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
النوراسپیشلسٹ ہسپتال میں ایمرجنسی اور حادثات کے محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر وسیم سیام نے’العربیہ‘ سے گفتگو میں کہا کہ سن اسٹروک کا شکار ہونے والے حاجی کو فوری طور پر اس مرکز منتقل کیا جاتا ہے۔ فوری طبی معائنے کے بعد اگر سن اسٹروک کنفرم ہوجانے کی صورت میں فوری طور پر اس کے کپڑے اتار کر اس پر پانی کا چھڑاؤ کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مریض کو دیگر ضروری علاج کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
جبکہ مرکز کے نرسنگ ماہر کمال مروانی نے کہا کہ "سن اسٹروک اور تھرمل تناؤ کا مرکز ان جدید مراکز میں سے ایک ہے جو سن اسٹروک سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ ہے۔ یہ حجاج کرام کی خدمت کے لیے ہنگامی سروسز فراہم کررہا ہے اور چوبیس گھنٹے اس کی سروس دستیاب ہے۔