UAE

 صدرِ یو اے ای کا شہداء کو خراجِ عقیدت، نوجوان نسل کو قومی خدمت کا پیغام

متحدہ عرب امارات کے صدر، شیخ محمد بن زاید النہیان نے یومِ شہداء کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "یومِ شہداء ایک قومی موقع ہے جب ہم ان بہادر افراد کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے یو اے ای اور اس کے عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ ان کی قربانیاں ہمارے قومی تاریخ کے سنہرے ابواب میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو چکی ہیں۔”

شیخ محمد بن زاید نے مزید کہا کہ "ہمارے شہید ہیرو اماراتی عوام کے جذبہء ایثار کی عکاسی کرتے ہیں جو ملک کی پکار پر لبیک کہنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ خدا کے فضل اور شہریوں کی لگن سے یو اے ای ہمیشہ فخر اور طاقت کا نشان رہے گا۔”

انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے لیے دلی ہمدردی اور ان کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اپنے ہیروز کے خاندانوں کے شکر گزار ہیں اور ان کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے پیاروں کی قربانیاں کبھی نہیں بھولی جائیں گی۔”

صدر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ شہداء کی میراث سے سبق سیکھیں اور ملک کی ترقی کے لیے کوشاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارے نوجوان، شکر گزاری اور عزم کے ساتھ، قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور ترقی و جدت کے ہر موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔”

شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ "یو اے ای انصاف، امن اور انسانیت کے اصولوں کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کی اقدار کو برقرار رکھے گا۔ ہمارا پیغام استحکام، اتحاد اور تعاون کا ہے جو سب کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے۔”

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ “اللہ ہمارے شہداء کو عزت دے، یو اے ای کو مضبوط اور سربلند رکھے اور ہمارے خطے اور دنیا میں امن و استحکام قائم کرے۔”

Related posts

عریبین ٹریول مارکیٹ کا 30واں ایڈیشن یکم سے 4 مئی تک منعقد ہوگا

Awam Express News

فجیرہ کے حکمران کا عید الاتحاد سے قبل 118 قیدیوں کی معافی کا حکم جاری

Awam Express News

ہندوستان۔متحدہ عرب امارات مشترکہ فوجی مشق ڈیزرٹ سائکلون 2025 کے لیے ہندوستانی دستہ روانہ

Awam Express News