Uncategorized

ایران میں پھنسے 110 ہندوستانی طلبا آرمینیا سے دوحہ کے لیے روانہ، آج رات پہنچیں گے دہلی

ارمیہ میڈیکل یونیورسٹی (ایران) میں تعلیم حاصل کر رہے تقریباً 110 ہندوستانی طلبا منگل کے روز ایران-آرمینیا سرحد پار کر آرمینیا کی راجدھانی یریوین پہنچے تھے، جہاں انھیں ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تھا۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ نے شدت اختیار کر لی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ بڑی تعداد میں ایران میں پھنسے ہندوستانی طلبا دوحہ کے لیے پرواز بھر چکے ہیں، اور آج شب ہی وہ ہندوستان پہنچ سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے 110 ہندوستانی طلبا کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے، جن میں بیشتر کشمیری طلبا ہیں۔ انڈیگو کا خصوصی طیارہ آج دیر شب (تقریباً 10.15 بجے) ان طلبا کو لے کر ہندوستان پہنچ سکتا ہے۔ یہ سبھی طلبا آرمینیا سے دوحہ ہوتے ہوئے دہلی پہنچیں گے۔

دراصل ارمیہ میڈیکل یونیورسٹی (ایران) میں پڑھ رہے تقریباً 110 ہندوستانی طلبا ایران پر اسرائیلی حملہ کے بعد بری طرح پھنس گئے تھے۔ ان میں تقریباً 90 طلبا کا تعلق وادیٔ کشمیر سے ہے۔ انھیں کسی طرح پہلے ایران سے باہر نکال کر آرمینیا پہنچایا گیا، اور پھر آرمینیا سے دوحہ ہوتے ہوئے دہلی پہنچانے کا راستہ ہموار ہوا۔ یہ سبھی طلبا منگل کے روز ایران-آرمینیا سرحد پار کر کے آرمینیا کی راجدھانی یریوین پہنچے تھے۔ وہاں سبھی طلبا کو حکومت کے ذریعہ طے کردہ ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا۔

وزارت خارجہ اور مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر کے دفتر سے ملی جانکاری کے مطابق حکومت ہند کی طرف سے طلبا کو مفت میں ٹکٹیں دستیاب کرائی گئی ہیں۔ کشمیری طلبا کے لیے دہلی سے سری نگر سفر کا بھی ٹکٹ حکومت ہی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے گھر بہ حفاظت پہنچ سکیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طلبا کو لے کر 18 جون کو انڈیگو طیارہ فلائٹ نمبر 6 ای 9483 مقامی وقت کے مطابق صبح 8.45 بجے یریوین ایئرپورٹ سے روانہ ہوا جو دوپہر 2.05 بجے دوحہ پہنچے گا۔ دوحہ سے یہ طلبا انڈیگو طیارہ کی دوسری فلائٹ (نمبر 6 ای 9487) کے ذریعہ مقامی وقت کے مطابق 3.05 بجے پرواز بھرے گی، جس کے 18 جون کی شب 10.15 بجے دہلی ایئرپورٹ پہنچنے کا امکان ہے۔

جموں و کشمیر طلبا ایسو سی ایشن اس ریسکیو آپریشن پر گہرائی کے ساتھ نظر بنائے ہوئے ہے۔ ایسو سی ایشن طلبا اور متعلقہ افسران سے رابطے میں ہے تاکہ طلبا کی بہ حفاظت اور جلد واپسی یقینی ہو سکے۔ اس ریسکیو آپریشن کے لیے طلبا ایسو سی ایشن نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر کا شکریہ بھی ادا کیا ہے، جن کی فوری مداخلت کے سبب یہ مہم ممکن ہو سکی ہے۔

Related posts

ایڈووکیٹ عبدالقیوم اختر کے انتقال پر ’یوایم آئی‘ کی تعزیت

Awam Express News

ممتاز ہندوستانی صوفی روحانی مقررین کو انڈونیشیا میں 42ویں آسیان سمٹ میں مدعو کیا گیا

Awam Express News

مہاراشٹر میں سیکڑوں اور سولا پور میں 21 سمر سیول کا تحفہ

Awam Express News