Press Release

ایران پر امریکی بمباری کھلی جارحیت ہے: مولانا محمود مدنی

نئی دہلی ۲۳ جون۲۰۲۵ء:جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے ایران پر حالیہ امریکی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معاہدوں اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ اسرائیل اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا محور بن چکا ہے، جسے امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کے ذریعے دنیا کو نقصان پہنچایا ہے، اور مشرقِ وسطیٰ میں اس کا وجود تریاق کے بجائے زہر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ جب تک مشرقِ وسطیٰ کے ممالک باہم متحد ہو کر اپنی سرزمین سے امریکی اڈوں کا خاتمہ نہیں کرتے، اس خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بصورتِ دیگر پورا مشرقِ وسطیٰ یکے بعد دیگرے ان شیطانی سازشوں کا شکار ہوتا رہے گا، جیسا کہ ماضی میں عراق، افغانستان اور لیبیا کے ساتھ ہو چکا ہے، اور اب وہی مکروہ کھیل ایران کے خلاف دہرایا جا رہا ہے۔


مولانا مدنی نے مزید کہا کہ کسی بھی طاقتور ملک کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی فوجی برتری کی بنیاد پر دنیا کے کسی بھی خطے میں جارحیت کا استعمال کرے۔ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ دنیا بھر میں بداعتمادی، نفرت اور عدم استحکام کو بڑھاوا دیتی ہیں۔سب کو انسانیت کے طے شدہ اصولوں کے پابند ہونا چاہیے ، اور ہر وہ اقدام جو معصوم جانوں کو نشانہ بنائے، انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائے، اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالے، ناقابلِ قبول ہواور اس کے خلاف کاغذی کارروائی کے بجائے سخت قدم اٹھایا جانا چاہیے ۔
مولانا مدنی نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، انصاف پسند اقوام اور امن دوست طبقات سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں، جنگ بندی کی کوششوں کو ترجیح دیں، اور ایسے طاقتور عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے اجتماعی اقدام کریں جو انسانیت کے خلاف مسلسل جرم کر رہے ہیں جس میں اسرائیل سرفہرست ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related posts

لبنان میں انسانیت کش حملے کی شدید مذمت

Awam Express News

’عالمی یونانی میڈیسن ڈے‘ ایوارڈز 2024 کا اعلان

Awam Express News

جامعہ نسواں السلفیہ تروپتی میں سشماہی تعطیل شروع

Awam Express News