ڈبلیو ایف آئی چیف برج بھوشن سنگھ کے خلاف پہلوانوں کے دھرنا نے ریسلنگ ورلڈ میں جو ہلچل شروع کی ہے، اس کا اثر اب صاف دکھائی دینے لگا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریسلنگ فیڈریشن کی کارگزاری پر نظر رکھنے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے، اور پیر کے روز اس کمیٹی کے اراکین کے ناموں کو بھی ظاہر کر دیا گیا۔ اولمپک میڈل یافتہ اور سابق عالمی چمپئن باکسر میری کوم کو اس کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔وزارت کھیل نے ڈبلیو ایف آئی چیف برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف لگے جنسی استحصال اور بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کے لیے مذکورہ نگرانی کمیٹی کا اعلان پہلے ہی کیا تھا۔ پہلوانوں کے الزامات کے بعد برج بھوشن شرن سنگھ پر کشتی فیڈریشن کا کام کاج دیکھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے اراکین میں اولمپین پہلوان یوگیشور دت، دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ ترپتی مروگندے، کیپٹن راج گوپالن، رادھا شریمن شامل ہیں۔

