نئی دہلی۔ 11 نومبر 2025 (پریس ریلیز)
حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کی جانب سے دریاگنج، نئی دہلی میں واقع آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے دفتر میں ممتاز قومی رہنما، بھارت کے پہلے وزیر تعلیم مولانا آزاد کی یوم پیدائش کے مناسبت سے منسوب یوم تعلیم پر ایک مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت بھیونڈی شہر کے معروف ملّی رہنما ایڈووکیٹ یٰسین مومن نے کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں 11 نومبر کو ہر سال یوم تعلیم کے طور پر منایا جانا خوش آئند ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو یوم تعلیم کے طور پر منایا جانا اُن کو بہترین خراج عقیدت پیش کرنا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ وزارت تعلیم، حکومت ہند نے 2008 سے مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو یوم تعلیم منائے جانے کا اعلان کیا۔ یہ قدم یقینا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا نے تادم حیات تقسیم ہند کی شدید مخالفت کی۔ مولانا ایک عظیم مفکر اور علم و عرفان کے روشن چراغ تھے۔ نئی نسلوں کو مولانا کی شخصیت اور قومی خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کیا جانا چاہے کیونکہ نئی نسل احساس کمتری کی طرف جارہی ہے، اس لیے جنگ آزادی میں ہمارے اکابر کی قربانیاں اُن کو معلوم ہونا ضروری ہے۔ بھوپال شہر کے معروف لیڈر خالد خاں صاحب نے کہا تعلیم کامیابی کی کنجی ہے۔ مولانا نے نسل نو کو یہ مثبت پیغام دیا تھا جسے اختیار کیا جانا لازمی ہے۔
مولانا علیم الدین اسعدی نے کہا کہ مولانا آزاد کی تعلیمی فکر کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا کے حوالے سے قائم شدہ ادارے ترقی کے منازل طے کر رہے ہیں۔ خاص طور سے مولانا عبدالحمید رحمانی کا مشن مولانا ابوالکلام آزاد اویکننگ سنٹر نمایاں طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ مولانا آزاد کی تعلیمی پالیسی ملک کے سیکولر کردار کے عین مطابق تھی۔ مولانا آزاد ملک میں قومی یکجہتی کے علمبردار تھے۔ آج کے ماحول میں اُن کے افکار کو عام کیا جانا نہایت ضروری ہے۔ دوسرے قومی رہنمائوں کی طرح سرکاری سطح پر مولانا ابوالکلام آزاد کو بھی یاد کیا جانا چاہیے۔ ایڈووکیٹ شاہ جبیں قاضی، اسرار احمد اُجینی، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، ڈاکٹر شکیل احمد اور ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ تمام شرکاء کا شکریہ محمد عمران قنوجی نے ادا کیا۔
جاری کردہ
(ڈاکٹر سیّد احمد خاں)
جنرل سکریٹری
حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی
نئی دہلی

