ایمان و عقائد کی حفاظت، نشہ خوری کے نقصانات اور سیرتِ طیبہ پر علماء کرام کے بصیرت افروز خطابات
علی گڑھ (پریس ریلیز):
جمال پور عیدگاہ کے سامنے واقع کلکتہ مارکیٹ روڈ پر 14ویں سالانہ آل انڈیا تعلیمِ اسلام کانفرنس کا نہایت تزک و احتشام کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس کی سرپرستی سجادہ نشین آستانہ عالیہ قادریہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ، پروفیسر الحاج الشاہ سید محمد امین میاں قادری برکاتی مدظلہ العالی نے فرمائی، جبکہ صدارت کے فرائض محبوب العلماء، چشم و چراغِ خاندانِ برکات حضرت علامہ مولانا شاہ سید محمد امان میاں قادری برکاتی مصباحی نے انجام دیے۔ پروگرام کی مشترکہ نظامت نقیبِ اہلِ سنت مولانا ناظم رضا عثمانی (بریلی شریف) اور عارف رضا گوہر (علی گڑھ) نے بحسن و خوبی نبھائی۔
کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری جاوید برکاتی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد معروف نعت خواں حضرات مستقیم رضا بدایونی، مہکش رامپوری، سید فرقان علی قادری اور عبدالمطلب وغیرہ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
علماء کرام کے خطابات:
ایمان و عقائد کا تحفظ: نیپال سے تشریف لائے مفتی عبدالمصطفیٰ مصباحی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدۂ آخرت وہ بنیادی اساس ہے جس کی دعوت حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر ہمارے نبی ﷺ تک تمام انبیاء کرام نے دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی برائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایمان کی حفاظت کے لیے چار بنیادی باتوں پر زور دیا: بچوں کو اسلام کے بنیادی احکام اور ایمانِ مجمل و مفصل سکھانا، نماز کی پابندی، قرآنِ پاک سے مضبوط تعلق، اور درود و استغفار کی کثرت۔
نشہ خوری کی مذمت اور رزقِ حلال: سنبھل (مرادآباد) سے تشریف لائے مولانا توصیف رضا مصباحی نے سماج میں بڑھتے ہوئے جرائم کی بنیادی وجہ نشہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شراب اور دیگر منشیات کو آج نئے نئے ناموں سے نوجوانوں میں پھیلایا جا رہا ہے، جو نہ صرف حرام ہے بلکہ صحت اور نسلوں کی تباہی کا باعث ہے۔ انہوں نے طلبہ و عوام کو سگریٹ و گٹکا جیسی مضرِ صحت اشیاء سے بچنے، شجرکاری (زیادہ سے زیادہ پودے لگانے) اور رزقِ حلال کمانے کی تلقین کی۔
سیرتِ طیبہ اور اسلامی اصول: ہریانہ سے تشریف لائے مفتی اسحاق اشفاقی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں دین کے مرتبے اور کوہِ فاران کے تاریخی واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نبی اکرم ﷺ کو "صادق و امین” کا لقب خود کفار و مشرکین نے دیا تھا۔ انہوں نے فقہی اصول واضح کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں ہر چیز مباح (جائز) ہے، سوائے ان چیزوں کے جنہیں قرآن و حدیث نے حرام یا ممنوع قرار دیا ہو۔
صدارتی و سرپرستی کلمات اور اختتام:
سرپرستِ اجلاس حضور امینِ ملت مدظلہ العالی نے اپنے کلمات میں اس بات پر زور دیا کہ سیرت النبی ﷺ اور میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے ایسے بامقصد اجلاس مسلسل منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کنوینر عزیزم اظہر نور اعظمی سلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی 14 سالہ مسلسل دینی و تبلیغی خدمات کو سراہا اور ان کے حوصلوں کی بلندی کے لیے دعا فرمائی۔
اجلاس کے آخر میں صلوٰۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک میں امن و امان، ترقی اور سلامتی کی خصوصی دعا کے ساتھ اس کانفرنس کو آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ اس موقع پر علی گڑھ و قرب و جوار کی مساجد کے ائمہ، مدارس کے اساتذہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ سمیت دور دراز سے آئے ہوئے عوام کی کثیر تعداد موجود رہی۔

