شام اورترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے تناظر میں،متحدہ عرب امارات نے بغیرکسی امتیاز کے دنیا بھرمیں متاثرہ تمام کمیونٹیز کی مدد کے لیے اپنے دیرینہ عزم کا اظہار کیا ہے۔صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے فوری طور پر شام اور ترکیہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ کو ہدایت کی کہ "گیلنٹ نائٹ/2” آپریشن شروع کیا جائے،جس کا مقصد شامی اور ترک عوام کی مدد کرنا ہے۔ اس آپریشن میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون، خلیفہ بن زاید آل نھیان فاؤنڈیشن، زاید چیریٹیبل اینڈ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (زاید سی ایچ ایف) اور امارات ہلال احمر(سی آر سی) شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات نے 16 فروری تک دونوں ممالک کے زلزلہ متاثرین کے لیے مجموعی طور پر 17کروڑ70لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے، جس میں شام کے لیے اقوام متحدہ کی فوری مدد کی اپیل کے جواب میں 2کروڑ ڈالر بھی شامل ہے۔ دونوں ممالک میں انسانی امداد کی ترسیل کے لیے 78 طیارے استعمال کیے گئے اور انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی کے ذریعے بین الاقوامی تنظیموں کے لیے 156 ٹن امداد بھیجی گئی ہے۔سرچ اینڈ ریسکیو مشن میں مدد کے لیے متحدہ عرب امارات نے 134 ارکان پر مشتمل دو ٹیمیں بھیجیں جو متاثرین کو بچانے میں کامیاب رہی ہیں۔ یو اے ای کی جانب سے 250 بیڈز گنجائش والے دو فیلڈ ہسپتالوں کا بھی افتتاح کیا ہے جو آلات سے لیس ہیں جہاں زخمیوں کے علاج کے لیے 75 طبی ماہرین پر مشتمل عملہ کام کررہا ہے
متحدہ عرب امارات نے امارات ریڈ کریسنٹ (ای آر سی) کی قیادت میں 16 سے زائد اماراتی عطیہ دہندگان کی شرکت کے ساتھ "بھلائی کے پل” مہم کا آغاز کیا۔ملک کی جانب سے 44 طیاروں کے ذریعے شام کو مجموعی طور پر1ہزار 660 ٹن ادویات، خوراک اور امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ امداد میں تقریباً 20ہزارافراد کے لیے 2ہزار 893خیمے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے 42 اہلکاروں پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکی میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور بچاؤ کے مشن کو انجام دینے کے لیے بھیجی اور ہوائی امدادی پل کے تحت34 طیاروں کے ذریعے 447 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا، جن میں 70 ٹن طبی امداد بھی شامل ہے . یو اے ای نے صوبے کہرامنماراس میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے 92 اراکین پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کی اور تقریباً 5ہزار متاثرین کو پناہ دینے کے لیے 927 خیمے بھیجے۔ ملک نے اصلاحیہ کے علاقے میں 50 بستروں پر مشتمل ایک فیلڈ ہسپتال اور 200 بستروں پر مشتمل ایک اور ہسپتال ہاتے میں قائم کیا ہے جو ضروری طبی سامان سے لیس اور 75 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین پر مشتمل طبی ٹیم کام کررہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے سراہا ہے۔ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور و ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے شام میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کے لیے یو اے ای کی جانب سے 5کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کی فراہمی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شام اور ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد سے متاثرہ اور اشد ضرورت والے لوگوں کی جانیں بچانے اور انتہائی ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کا فراخدلی پر مبنی ردعمل اہم ہے۔