جوہر ٹرسٹ کی زمین اتر پردیش کی حکومت واپس نہ لے۔
شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مکمل بیداری اورحسن تدبیر کے ساتھ سماج میں نیک نامی حاصل کرنے کے لئے جدو جہد کریں۔انہوں نے غزہ میں فلسطینی بچوں کی نسل کشی اور قتل عام کی شدید مذمت کی اور گہرے صدمہ اور رنج وغم کا اظہارکیا اورا ن کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا اسرائیل فلسطین کی زمین پر قابض ہے اس کی بربریت اور ظلم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہزاروں عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں زخمیوں کا شمار ہی مشکل ہے۔غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی میں امریکہ اور بیشتر یوروپی ممالک برابر کے شریک ہیں۔مسلم ممالک کارویہ بھی اس غمناک ماحول میں مایوس کن ہے۔عالمی برادری سے پُر زور اپیل ہے کہ اسرائیل کا ہرگز ساتھ نہ دیاجائے۔مسلم ممالک کو بھی فیصلہ کن موقف اختیار کرنا چاہئے جس کا اسرائیل پر اثر پڑسکے۔اپنی زمین کی حفاظت کرنا فلسطینیوں کا حق ہے تو اس کیلئے مسلم ممالک کیوں بے حسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔سعودی عرب سے ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں رقص و سرود کی محفل میں سعودی خواتین مست دکھائی دے رہی ہیں۔سعودی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے خلاف ایکشن لے اور فلسطین کے عوام کا ساتھ دینے میں ذمہ دار انہ رول ادا کرے۔فلسطین کو اس کا حق ملے اور جب تک اسرائیل اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تمام ممالک اس کا کلی طور پر بائیکاٹ کریں۔مفتی مکرم نے رام پور میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کے بارے میں حکومت اترپردیش سے پُر زور اپیل ہے کہ جوہر ٹرسٹ کو دی گئی مراعات اور لیز ختم نہ کی جائے۔اعظم خان کی فیملی سے جو بھی معاملہ ہے وہ سیاسی ہے لیکن جو طلبہ اس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کو تعصب کا شکار نہ بنایا جائے۔

