نئی دہلی۔ 3 نومبر 2023
ممتاز سماجی کارکن، جماعت اسلامی ہند کے قدیم رکن اور ملت کے بطل جلیل جناب احسن مستقیمی کے انتقال پر یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (یو ایم آئی) کی جانب سے ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر ،نئی دہلی میں ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید احمد خاں نے احسن مستقیمی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اخلاص نیت کے ساتھ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشاں تھے۔ ان کے تحریکی عمل سے بہت سے خیر کے کام وجود میں آئے، جس میں سب سے اہم کام میرٹھ کی آشیانہ کالونی میں فلاح عام نام سے ایک اسپتال کا قیام ہے۔ ان کی ایک اہم تصنیف ’میرا تحریکی سفر‘ جو کہ ان کے پینسٹھ سالہ زندگی کے مشاہدات و تجربات پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب قوم و ملت کے حوالے سے تحریکی کام کرنے والوں کے لیے بہت اہم ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہند کے مقاصد اور قیام کو تقویت پہنچانے میں ان کا نمایاں کردار رہا۔ واضح ہو کہ احسن مستقیمی صاحب کا انتقال طویل علالت کے بعد 96سال کی عمر میں میرٹھ میں واقع ان کے بڑے بیٹے اطہر حسین کے گھر یکم نومبر 2023 (بروز بدھ) کو ہوا۔ پس ماندگان میں 6 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔
میٹنگ میں ان کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انھیںجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔تعزیت کرنے والوں میں محمد طارق صدیقی، حامد علی اختر، محمد اویس، محمد معاذ، راشد اعظمی، خان رضوان، نسیم مجیدی، محمد الفوز، چودھری شہاب الدین، اختر اعظمی،عبد الغفار صدیقی، جاوید اختر بن سالک دھامپوری، اسرار احمد اُجینی، حکیم آفتاب عالم، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا، نئی دہلی