Press Release U.P.

طلبہ کو استقامت، عزم اور پاکیزہ کردار اپنانے کی تلقین

مدرسہ یاسینیہ کھوڈہ مظفر نگر میں ناظمِ عمومی جمعیۃ علماء ہند کا خطاب

مظفرنگر، 3 مئی 2026:
مدرسہ یاسینیہ کھوڈہ، ضلع مظفرنگر میں ایک اہم اصلاحی نشست منعقد ہوئی جس میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے بعد نمازِ عشاء طلبہ سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں مولانا حکیم الدین قاسمی نے رسول اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو صبر و استقامت اور قربانی کا کامل نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی پوری زندگی آزمائشوں سے عبارت ہے۔ مکہ مکرمہ میں پیش آنے والی شدید مشکلات، طائف کی اذیتیں اور دیگر مصائب کے باوجود آپ ﷺ نے صبر و ثبات کا دامن نہیں چھوڑا۔ انہوں نے واقعۂ ہجرت کو اسلامی تاریخ کا نقطۂ آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ دین کے لیے ہر طرح کی قربانی دینا ضروری ہے۔انہوں نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہجرت کے موقع پر ان کی والہانہ محبت اور قربانی امت کے لیے بہترین نمونہ ہے، حتیٰ کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ کسی کو خوشی میں روتے دیکھا گیا۔ مزید برآں انہوں نے اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا کہ اسلامی تقویم کا آغاز واقعۂ ہجرت سے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور میں کیا گیا، جو اس واقعہ کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔مولانا قاسمی نے کہا کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی زندگیاں ایثار، قربانی اور اخلاص سے بھرپور ہیں۔ غزوۂ بدر اور احد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی تعداد سے نہیں بلکہ ایمان، یقین اور اللہ پر توکل سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ قرآن مجید سے مضبوط تعلق قائم رکھیں، نمازوں کی پابندی کریں اور ہر حال میں صبر و حوصلہ کو اختیار کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مدارس دینیہ دراصل صفہ کی یادگار ہیں، جہاں سے علم، اخلاص اور خدمتِ دین کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور برکت کس طرح غیر معمولی انداز میں ظاہر ہوتی ہے۔اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم قاری محمد جعفر اور سبھی اساتذہ و ذمہ داروں نے ناظمِ عمومی جمعیت علماء ہند کا پرتپاک استقبال کیا اور ادارہ کی دینی و تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔اسی نشست میں مولانا عظیم اللہ صدیقی، سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو بالخصوص ترکِ معاصی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ علم کے ساتھ عمل اور تقویٰ لازم ہے.

Related posts

اویسی عمران پرتاپ گڑھی کے سامنے بونے

Awam Express News

آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر شہر کی فضا ئ سوگوار

Awam Express News

بہرائچ میں تعلیمی اجلاس میں ایم اے یو کے بانی سر سید احمد خان کو مرکزی حکومت سے بھارت رتن دینے کی اٹھائ مانگ

Awam Express News